ممبئی، 27؍جون (ایس او نیوز؍ایجنسی) شیوسینا کے رہنما سنجے راوت نے ہفتے کے روز کہا کہ قومی سطح پر تمام اپوزیشن جماعتوں کو اکٹھا کرنے کا کام کیا جار ہا ہے اوریہ اتحاد کانگریس کے بغیر نامکمل ہے۔ راوت نے کہا کہ کانگریس اس اتحاد میں ایک اہم کردار ادا کرے گی جس کا مقصد موجودہ حکومت کے خلاف ایک مضبوط متبادل تیار کرناہے۔
شیوسینا رہنما کا بیان چار روز قبل نئی دہلی میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے صدر شرد پوار کی رہائش گاہ پر سامنے آیا ہے،جس میں ترنمول کانگریس، سماج وادی پارٹی (ایس پی)، عام آدمی پارٹی (آپ)، راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) اور اس میٹنگ کے بعد بائیں بازو کی جماعتوں سمیت حزب اختلاف کی آٹھ جماعتوں کے رہنماؤں نے ملک کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ اس میٹنگ کا ایجنڈا ایک ایسے ممکنہ اتحاد پر تبادلہ خیال کرنا تھا، جو بی جے پی کا متبادل ہوسکتا ہو،تاہم میٹنگ میں کانگریس کا کوئی رہنما موجود نہیں تھا۔
راوت نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایاکہ کسی تیسرے محاذ یا کسی اور محاذ کی ضرورت نہیں ہے۔ شرد پوار پہلے ہی اس کی وضاحت کرچکے ہیں۔ اسی طرح شیو سینا نے پارٹی کے ترجمان اخبار میں ایسے ہی خیالات کو جگہ دی ہے، جس میں یہ کہا گیا ہے کہ کانگریس کا بھی ایسا ہی نظریہ ہے،کانگریس اتحاد میں اہم کردار ادا کرے گی۔شرد پوار نے جمعہ کے روزکہا تھا کہ ان کی زیرصدارت آٹھ پارٹیوں کی میٹنگ میں کسی بھی قومی اتحاد پر بحث نہیں ہوئی ہے، نیز انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر اس طرح کا اتحاد سامنے آتا ہے تو اس کی قیادت کی وضاحت ہونی چاہئے۔تحریک ختم ہوجائے گی۔